اڈپی 5/مارچ (ایس او نیوز) ساری دنیا کو ہلاکر رکھ دینے والے کورونا وائرس کی دستک ریاست کے دوسرے مقامات کے ساتھ اب اڈپی ضلع میں بھی محسوس کی گئی ہے۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق کووڈ 19وائرس سے متاثرہ مشکوک مریض کو اڈپی ضلع اسپتال کے خصوصی وارڈ میں الگ تھلگ رکھا گیا ہے اور اس کی جانچ اور علاج پر پوری توجہ دی جارہی ہے۔مریض کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ کارکلا تعلقہ کے مونیال کا رہنے والا ہے اور پچھلے دنوں اپنے بیٹے سے ملاقات کے لئے اس نے بیرونی ملک کا دورہ کیا تھا۔ وہاں سے واپسی پر کھانسی اور سانس پھولنے کی شکایت شروع ہوگئی جس کے بعد اسے ضلع اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ ڈاکٹروں نے بتایا ہے کہ مریض کے بلغم کو جانچ کے لئے بنگلورو کی لیباریٹری میں روانہ کردیا گیا ہے۔ یہ بھی پتہ چلا ہے کہ اس مریض کو پہلے ہی سے دمہ، ذیابیطس اور بلڈ پریشر کی شکایات تھیں۔ چونکہ وہ بیرونی ملک کے دورے سے واپس لوٹا ہے اور اسے سانس کی تکلیف شروع ہوگئی ہے اس لئے کورونا وائرس سے متاثرہ مشکوک مریض کے زمرے میں رکھا گیا ہے۔